پاکستان سپورٹس بورڈ کا کھیلوں کی 3 فیڈریشنز کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے الیکشن کمیشن نے تین اہم سپورٹس فیڈریشنز کے انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ انتخابات 20 جون 2025 کو پی ایس بی کوچنگ سینٹر، فیروزپور روڈ لاہور میں منعقد ہوں گے تاہم تینوں فیڈریشنز کے انتخابات کا وقت الگ الگ مقرر کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان کے انتخابات صبح 10 بجے …

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے الیکشن کمیشن نے تین اہم سپورٹس فیڈریشنز کے انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ انتخابات 20 جون 2025 کو پی ایس بی کوچنگ سینٹر، فیروزپور روڈ لاہور میں منعقد ہوں گے تاہم تینوں فیڈریشنز کے انتخابات کا وقت الگ الگ مقرر کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان کے انتخابات صبح 10 بجے ہوں گے۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر جبکہ پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے انتخابات شام 4 بجے منعقد کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام نامزدگی کاغذات، ووٹر لسٹیں اور اعتراضات 12 جون تک اسلام آباد میں واقع پاکستان سپورٹس بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں جمع کرانا ہوں گے۔ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال بھی 12 جون کو صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہو گی جبکہ اسی روز دوپہر 2 بجے عبوری ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جون صبح 10 بجے مقرر کی گئی ہے اور اسی روز دوپہر 12 بجے اعتراضات پر فیصلے سنائے جائیں گے۔

حتمی ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی فہرست 13 جون کو شام 3 بجے جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابات کے روز تمام کارروائیاں براہ راست نشر کی جائیں گی اور کسی امیدوار یا ووٹر کو ٹی اے/ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔ تمام متعلقہ فریقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق کارروائی مکمل کریں کیونکہ مقررہ وقت کے بعد موصول ہونے والی کوئی بھی دستاویز قابل قبول نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے پر چیف الیکشن کمشنر وسیم مجید ملک اور ممبران بابر سہیل اور ذوہیب حسن گوندل کے دستخط موجود ہیں۔

مزید خبریں