پاکستان کی معیشت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، ٹیکس وصولی میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

19
معاشی استحکام کی جانب پیش قدمی، برآمدات، ٹیکس وصولی اور سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جولائی 2024ء سے مئی 2025ء کے دوران ٹیکس وصولی میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ ٹیکس نظام کی بہتری اور محصولات میں وسعت کی غمازی کرتا ہے۔

پیر کو اکنامک سروے پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس فائلرز کی تعداد دگنی ہو چکی ہے جس سے ٹیکس نیٹ میں وسعت اور مالیاتی شفافیت کے حکومتی اقدامات کی کامیابی ظاہر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ریٹیلرز کی رجسٹریشن میں بھی 74 فیصد اضافہ ہوا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی معیشت میں شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات، محصولات میں بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ان کوششوں کا مقصد پاکستان کو ایک مضبوط، خود کفیل اور ترقی پذیر معیشت کی جانب گامزن کرنا ہے۔