گزشتہ مالی سال کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی برآمدات میں 23.7 فیصد اضافہ ہوا، اقتصادی سروے

19
Economic Survey

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):گزشتہ مالی سال کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی برآمدات میں 23.7 فیصد اضافہ ہوا۔ ملک بھر میں موبائل صارفین کی تعداد 19 کروڑ 99 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ پیر کو جاری اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سرپلس تجارت 2429 ملین ڈالر رہی جوکہ گزشتہ سے پیوستہ سال 1997 ملین ڈالر تھی جس سے 21.6 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

اسی عرصہ کے دوران آئی سی ٹی کی برآمدات 541 ملین ڈالر اضافے کے ساتھ 2825 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جس سے 23.7 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں مقیم فری لانسر بیرون ملک سے 400 ملین ڈالر ترسیلات زر پاکستان میں لائے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے 50 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور ای روزگار مراکز کی نگرانی کی۔

وزیراعظم اقدام کے تحت قائم کئے گئے 25 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس بھی اس میں شامل ہیں جس کا مقصد آئی ٹی سٹارٹ اپس اور خصوصی تربیت کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے۔ مارچ 2025ء تک نیشنل انکیوبیشن سنٹر نے 1900 سٹارٹ اپس کو تعاون فراہم کیا جبکہ 960 نوجوانوں کو تربیت فراہم کی گئی۔

ان سٹارٹ اپس نے ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا کئے، 30.8 ارب سرمایہ کاری کو راغب کیا اور 27.3 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے میں مدد فراہم کی۔ اس پروگرام کے تحت 12 ہزار سے زائد خواتین انٹر پرینیورز کو بااختیار بنایا گیا۔

اس عرصہ کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ نے محصولات میں 803 ارب روپے کا حصہ ڈالا۔ مارچ 2025ء تک ٹیلی کام صارفین (موبائل اینڈ فکسڈ) کی تعداد 199.9 ملین تک پہنچ گئی۔ اس عرصہ کے دوران ٹیلی کام شعبہ کے ذریعے قومی خزانے میں 271 ارب روپے جمع کرائے گئے۔