حکومت نے وقتی ریلیف سے ہٹ کر معیشت کے بنیادی ڈھانچے کو درست کرنے پر توجہ دی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

20
حکومت نے وقتی ریلیف سے ہٹ کر معیشت کے بنیادی ڈھانچے کو درست کرنے پر توجہ دی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر کھڑا کرنے اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بنیادی نوعیت کی اصلاحات ناگزیر تھیں ،حکومت نے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے تاکہ معیشت کے "ڈی این اے” کو تبدیل کیا جا سکے۔پیر کو قومی اقتصادی سروے جاری کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ ہم نے وقتی ریلیف سے ہٹ کر معیشت کے بنیادی ڈھانچے کو درست کرنے پر توجہ دی ہے۔

اس کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات، محصولات کے دائرہ کار میں وسعت اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری ضروری تھی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب اس وقت گزشتہ پانچ برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جو حکومتی معاشی پالیسیوں کی کامیابی اور ٹیکس نیٹ کے پھیلائوکا مظہر ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کئی ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں جن میں ڈیجیٹلائزیشن کا فروغ،ٹیکس آڈٹ کا موثر نظام،نان فائلرز کے خلاف کارروائی، ریٹیل اور کاروباری شعبے کی بہتر رجسٹریشن شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف محصولات میں اضافے کا باعث بنے ہیں بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔