امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کا چھٹا دور 15 جون کو عمان میں ہوگا ، ایران

25

تہران۔10جون (اے پی پی):ایران نے کہا ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام پر اختلافات کو دور کرنے کے لئے ایرانی اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور 15 جون کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوگا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق یہ بات ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے بیان میں کہی۔

انہوں نے ایرانی وزارت خارجہ کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا اگلا دور 15 جون کو مسقط میں متوقع ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے نشاندہی کی کہ ایران کے حکام پابندیاں ہٹانے کی صورت میں امریکا کے ساتھ یورینیم کی افزودگی کے حجم اور سطح کو محدود کرنے پر بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن وہ جوہری پروگرام کو کبھی نہیں روکیں گے کیونکہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تمام دستخط کنندگان کے لئے پرامن جوہری توانائی کے حق کی ضمانت دی گئی تھی اور ایران اس دستاویز پر دستخط کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک تھا۔