حکومتی اقدامات کے تحت 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی منظوری دے دی گئی ، سینیٹر محمد اورنگزیب

25
پٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل پر 2.5 روپے فی لیٹر کی شرح سے کاربن لیوی عائد کئے جانے کی تجویز ہے، سینیٹر محمد اورنگزیب

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رائٹ سائزنگ کے حکومتی اقدامات کے تحت 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی منظوری دے دی گئی ہے، تقریباً 40 ہزار خالی آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 26۔2025 کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کی ادارہ جاتی تشکیل کو وزیر اعظم کے وژن کے مطابق درست، منتظم اور جدید بنانے کے اقدام کا آغاز کیا ہے۔

یہ اہم اور بنیادی اصلاحات اس اصول پر مبنی ہیں کہ حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹیکس دہندگان پر کم سے کم بوجھ ڈالے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جدید آئیڈیاز کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کاروباری معاملات میں حصہ نہ لے، نجی شعبہ اس سلسلے میں لیڈ کرے۔ اب تک کابینہ نے دس وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جو عملدرآمد کے مرحلے میں ہیں، چھ ڈویژنز ضم کر کے تین بنا دی گئی ہیں۔ 45 کمپنیوں کو پرائیویٹائز، ضم یا بند کیا جا رہا ہے۔

تقریبا چالیس ہزار خالی آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اگلی دس وزارتوں کیلئے رائٹ سائزنگ کی سفارشات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے جبکہ مزید آٹھ وزارتوں کے حوالے سے تجاویز زیر غور ہیں۔