اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا، تنخواہ دار طبقہ کیلئے ریلیف کے ساتھ کاروباری طبقہ کو ٹیکس چھوٹ دی گئی، مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 6 فیصد پر آنا بھی خوش آئند ہے۔ منگل کو بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے اور وفاقی بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ اور ٹیکس میں کمی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کیلئے بھی ٹیکسوں پر چھوٹ دی گئی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حالات کے مطابق بہترین بجٹ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینٹ میں جب بجٹ تجاویز پر بحث ہوگی تو اس میں مزید بہتری آئے گی۔