ٹیکس اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، علی موسیٰ گیلانی

26
ٹیکس اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، علی موسیٰ گیلانی

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے زیادہ تر شعبے صوبوں کے پاس ہیں، امید ہے صوبائی حکومتیں اپنے متعلقہ بجٹ میں عوامی ریلیف کا خیال رکھیں گی۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں حکومت جو بہتر کر سکتی تھی، وہ اس نے کیا ہے، بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافہ کے بجائے ٹیکسوں میں چھوٹ دینے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی تجاویز بحث کے دوران پیش کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ ڈیجیٹیلائزیشن کا دور ہے اور بجٹ میں حکومت نے موناٹائیزیشن میں سہولت دینے کی بات کی ہے جس سے نوجوان بہتر طریقے سے اپنا روزگار ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کما سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 18 ویں ترمیم کے بعد عوامی ریلیف کے زیادہ تر شعبے صوبوں کے پاس چلے گئے ہیں جن میں صحت، تعلیم اور زراعت کے کلیدی شعبے شامل ہیں۔