وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی سے وزیر مملکت وجیہہ قمر کی ملاقات

21
Federal Minister Aurangzeb Khan Khichi
Federal Minister Aurangzeb Khan Khichi

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے وزیر مملکت برائے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے اور تہذیبی اقدار کو تعلیمی نظام میں موثر انداز سے شامل کرنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ملاقات کے دوران دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جن کے ذریعے ملک کے تعلیمی نصاب میں ثقافتی موضوعات کو شامل کر کے طلباء میں قومی شناخت، تاریخ اور روایات سے گہرا تعلق پیدا کیا جا سکے گا،پاکستان کا ثقافتی ورثہ نہایت متنوع اور شاندار ہے، جسے نئی نسل تک منتقل کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف کتابی علم تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے ہماری تہذیب، تاریخ اور ثقافت سے جڑا ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ طلباء پاکستان کی شناخت کو سمجھیں اور اس پر فخر کریں۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی روح ہوتی ہے اور جب ہم اسے تعلیم کے ساتھ جوڑتے ہیں تو ہم ایک باشعور، باہدف اور مضبوط قوم کی بنیاد رکھتے ہیں، ہماری وزارت ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں قومی ورثہ اور ثقافتی اقدار کو موثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔

دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جو ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گا اور مختلف نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کو پاکستان کی تہذیبی شناخت سے روشناس کرائے گا۔یہ اشتراک نہ صرف قومی تشخص کو اجاگر کرے گا بلکہ نوجوانوں کو ایک مضبوط، مربوط اور خود اعتماد قوم کا حصہ بننے کے لیے بھی تیار کرے گا۔