جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خزانہ

24
Federal Finance Minister
Federal Finance Minister

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ بدھ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی تعمیل اور اصلاحات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے، اس سال جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح 10.3فیصد رہی جو آئندہ مالی سال میں 10.9فیصد ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2 ٹریلین کے اضافی ٹیکس اقدامات میں 312ارب روپے کے نئے ٹیکس ہیں ، 2 ٹریلین کے اضافی اہداف کا زیادہ تر حصہ خودمختار نمو اور انفورسمنٹ کے اقدامات سے حاصل کیا جائے گا اس حوالے سے ہم قانون سازی کی طرف جائیں گے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لیں گے اگرانفورسمنٹ کے اقدامات نہیں ہونگے تو ہمیں 400 سے 500 ارب روپے تک کے ٹیکس لگانا پڑیں گے۔