غزہ میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 31 فلسطینی شہید،200 زخمی

29
غزہ میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 31 فلسطینی شہید،200 زخمی

غزہ سٹی۔11جون (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے غزہ میں امریکی حمایت یافتہ خوراک کی تقسیم کے مرکز میں داخل ہونے کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 31 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ بدھ کو ہزاروں فلسطینی صبح 2 بجے سے امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ خوراک کی تقسیم کے مرکز تک پہنچنے کی امید میں جمع ہو رہے تھے اور اس دوران اسرائیلی فورسز نے ٹینکوں سے کئی بار فائرنگ کی، پھر صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب شدید فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی ڈرونز نے شہریوں کو نشانہ بنایا۔

غزہ شہر کے الشفاء ہسپتال کے سربراہ محمد ابو سلیمہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسے امدادی مرکز میں داخل ہونے کے انتظار میں شہید ہونے والے 24 فلسطینیوں کی نعشیں ملی ہیں اور 96 زخمیوں کا علاج کر رہے ہیں۔

وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں العودہ ہسپتال نے بیان میں کہا ہے کہ اسے7 افراد نعشیں ملی ہیں اور ہسپتال میں 112 زخمیوں کا علاج کر رہا ہے جو اسی واقعے میں زخمی ہوئے تھے۔

27 مئی کو غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کی طرف سے پہلی بار فلسطینی سرزمین میں امداد کی تقسیم کے پوائنٹس کھولنے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے ہلاکت خیز فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔