غزہ میں غذائی امداد کی محدودسپلائی کے باعث لوگوں کو شدید بھوک کا سامنا ہے ، اقوام متحدہ

29
United Nations
United Nations

اقوام متحدہ ۔12جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں غذائی امداد کی محدود سپلائی کے باعث لوگوں کو شدید بھوک کا سامنا ہے،صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی کراسنگ دوبارہ کھولنا ضروری ہے۔یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور(اوسی ایچ اے)کی ترجمان اولگا چیریوکو نے یواین نیوز سے بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں امداد کی محدودسپلائی کے باعث لوگوں کو شدید بھوک کا سامنا ہے ،اسرائیل کی گزشتہ ماہ محدود سپلائی کی اجازت دینے کے بعد سے صرف 6000 ٹن گندم کا آٹا جنگ زدہ علاقے میں داخل ہوا ، بڑھتی غذائی قلت کے پیش نظر 10,000 ٹن کی فوری ضرورت ہے۔

ترجمان نے کہاکہ غزہ میں موجودہ صورتحال سے نمٹنے کا واحد طریقہ اضافی کراسنگ کو دوبارہ کھولنا اور امداد کی لامحدود و بلا روک ٹوک فراہمی کی اجازت دینا ہے۔انہو ں نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ محفوظ اور قابل ماحول فراہم کر کے امداد کی فراہمی کے کام کو آسان بنائیں ۔