بیجنگ۔13جون (اے پی پی):چین نے ایران میں جوہری اور فوجی مقامات پر اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں اور کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے جمعہ کو بیان میں کہا ہے کہ چین اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج کے بارے میں گہری تشویش میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کریں جو علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دیں اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیوں کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشیدگی میں اضافے اور تنازعات کو بڑھانے کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورت حال میں اچانک اضافہ کسی بھی فریق کے مفادات میں نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔