سعودی عرب میں ایک ہفتے میں 9 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار

8
Ministry of Interior of Saudi Arabia
Ministry of Interior of Saudi Arabia

ریاض۔15جون (اے پی پی):سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی کارروائی کے دوران ایک ہفتے میں 9 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں 5 جون سے 11 جون 2025 کے درمیان ہوئی ہیں جن میں سے 5625 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی،2797 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی جبکہ 1217 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ عرصے کے دوران 1117 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھےجن میں سے 28 فیصد یمنی اور 72 فیصد ایتھوپی تارکین تھے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 10 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔

دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔