نئی صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے،افتخار علی ملک

18

لاہور۔22جون (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ نئی صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام اہم سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پالیسی کو زمینی حقائق کے مطابق بنانے اور قومی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے لیے چیمبرز آف کامرس، تجارتی اداروں اور صنعت کاروں کے ساتھ جامع مشاورت ضروری ہے۔

مہنگی توانائی،فرسودہ ٹیکنالوجی، جدت کی کمی اور متضاد ٹیکس پالیسیوں جیسے مسائل کی وجہ سے پاکستان میں انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے جس سے نمٹنے کے لیے متفقہ اور قابل عمل پالیسی کی ضرورت ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ مستحکم اور سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک سے نہ صرف برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی راغب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی ہم آہنگی اور مہارتوں کی ترقی کو بھی شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے ساتھ فعال مشاورت، اعتماد سازی کو فروغ دے کر پالیسی کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔