کراچی ۔ 4 جولائی (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں ایپکس کمیٹی سندھ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ، صوبائی وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر اعلی سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ منگل کو آئی ایس پی …
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں ایپکس کمیٹی سندھ کا خصوصی اجلاس
کراچی ۔ 4 جولائی (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں ایپکس کمیٹی سندھ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ، صوبائی وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر اعلی سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ منگل کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اجلاس کو متعلقہ حکام نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے کی داخلی سلامتی کے معاملات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی پیشرفت اور کراچی سنٹرل جیل سے خطرناک دہشتگردوں کے فرار کے معاملے کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے تدارکی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی نے امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ امن کے مقاصد کے حصول پر مزید توجہ مرکوز کرنے کے شعبوں کی نشاندہی کی گئی تاکہ پولیس میں اصلاحات، سیف سٹی پراجیکٹ کی تیزی سے تکمیل اور پراسیکیوشن تیزی سے مکمل کرنے اور وفاقی اور صوبائی حکام کے درمیان نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بہتر رابطے کو بڑھایا جا سکے۔ ایپکس کمیٹی نے لوگوں کی حفاظت اور بالخصوص کراچی میں اقتصادی سرگرمیوں کیلئے پائیدار امن کی ضرورت کا اعادہ کیا۔









