کارلوس الکاراز نے دوسری مرتبہ اے ٹی پی کوئینز کلب ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

7
tennis

لندن۔23جون (اے پی پی):سپین کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹو کارلوس الکاراز نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت دوسری مرتبہ اے ٹی پی کوئینز کلب ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کے حریف ٹینس کھلاڑی جیری لہیکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اے ٹی پی کوئینز کلب ٹینس کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے کوئینز کلب میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں سپین کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹو کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کے حریف ٹینس کھلاڑی جیری لہیکا کو 5-7، 7-6(7-5)اور 2-6 سے نہ صرف شکست دے بلکہ اے ٹی پی کوئینز کلب ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کرلیا۔

اس فتح کے بعد کارلوس الکاراز کے مجموعی ٹائٹلز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔اس سے قبل جیری لہیکا نے سیمی فائنل رائونڈ میں برطانوی نمبر ون جیک ڈریپر کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔یہ کارلوس الکاراز کی لگاتار 18 ویں میچ فتح ہے اور 2025 میں پانچواں ٹائٹل جیت چکے ہیں۔اے ٹی پی کوئینز کلب ٹینس کا ٹائٹل جیتنے کے بعد کارلوس الکاراز نے کہا کہ میں ایک بار پھر اس ٹرافی کو اٹھا کر خوش ہوں۔میرے لئے یہ ایک ناقابل یقین ہفتہ رہا ہے۔ میں بغیر کسی توقع کے کھیلنے آیا تھا اور فائنل میچ میں اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ شیڈول سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس میں کامیابی کے لئے یہ ایونٹ میرے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔22 سالہ ہاہسپانوی ٹینس سٹار نے کہا کہ یہاں ہر سال کھیلنا واقعی خاص ہے اور میں آئندہ سال واپس آنے کا انتظار نہیں کر سکتا