اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائیرڈ) حفیظ الرحمان نے ناروے میں اقوام متحدہ کے انٹرنیٹ گورننس فورم کے موقع پر ٹیلی نار گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیلی کام شعبے کی ترقی و ترویج کے پیش نظر بین الاقوامی اشتراک کو فروغ دینا تھا۔
بدھ کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے ٹیلی نار گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اور گروپ ہیڈ برائے ایکسٹرنل ریلیشنز، پیپل اینڈ اسٹریٹجی سے ملاقاتیں کیں جن میں محفوظ اور ڈیجیٹل قومی انفراسٹرکچر کی تشکیل میں ٹیلی کام شعبے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے بعد چیئرمین کو فائیو جی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی مختلف جدید سلوشنز پیش کئے گئے جن میں صحت، ٹرانسپورٹ اور سمارٹ سٹی جیسے شعبوں میں ان ٹیکنالوجیز کے استعمال پر روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے اسپیکٹرم الاٹمنٹ کے حوالے سے نارڈک ممالک کی بہترین پالیسیوں پر ایک خصوصی سیشن میں شرکت کی، جہاں موثر اسپیکٹرم مینجمنٹ اور پائیدار پالیسی فریم ورک پر اہم معلومات سے استفادہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ دورہ پی ٹی اے کے اس عزم کی ترجمانی کرتا ہے کہ پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے، عالمی شراکت داری کو فروغ دیا جائے، اور ملک میں جدید، محفوظ اور پائیدار ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تشکیل کے ذریعے عوام کو ٹیلی کمیونیکیشن کی معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔