اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے،تمام اتحادی جماعتوں کےشکر گزار ہیں جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا بجٹ تشکیل دیا،اتحادی جماعتوں نے بجٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا جن پر ان کے شکر گزار ہیں۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجٹ 2025 کی منظوری کے بعد ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کیلئے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی۔وزیر اعظم نے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جن کی مشاورت سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا بجٹ تشکیل دیا،اتحادی جماعتوں نے بجٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا جن پر ان کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم سب کو مل کر پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے،میرا یقین محکم ہے کہ یہی مثالی اتحاد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا،پاکستان پر بھارت کی حالیہ بلاجواز جارحیت میں اللہ رب العزت نے ہمیں شاندار فتح سے ہمکنار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان، پوری سیاسی قیادت، عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یکجہتی سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،پاکستان کی فتح سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے پاکستانکا مؤقف واضح کیا اور بھارت کے پاکستان کے حوالے سے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا،نہ صرف سفارتی وفد کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی بلکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور پاکستان کی سفارتی اور فوجی فتح پر حکومت اور افواج پاکستان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان نے ایرانی حکومت و برادر عوام کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا،
جنگ کے دوران ایرانی قیادت بالخصوص صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے ساتھ مکمل رابطے میں تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل ایران تنازعے کے حل سے خطے میں امن و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔چیئرمین سینیٹ، وفاقی کابینہ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔