شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے حالیہ اجلاس میں پاکستان نے ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

5
Mir Sarfaraz Ahmad Bugti
Mir Sarfaraz Bugti

کوئٹہ۔ 27 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے حالیہ اجلاس میں پاکستان نے ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے، جہاں بھارت کی جانب سے پہلگام کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش ناکام ہو گئی، اس اجلاس میں پاکستان نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد پیش کیے، جنہوں نے عالمی برادری کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طویل عرصے سے دنیا کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت بلوچستان میں بدامنی، دہشت گردی اور شورش کو ہوا دے کر خطے کے امن کو سبوتاڑ کر رہا ہے اب ہمارے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو صرف الزامات نہیں بلکہ ٹھوس حقائق پر مبنی ہیں اور عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر اس بین الاقوامی فورم پر یہ شواہد پیش کرنے کے لیے تیار ہے جو سچائی اور انصاف کی قدر کرتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ عالمی طاقتیں بلوچستان میں بھارتی کردار کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور امن کے قیام میں پاکستان کا ساتھ دیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا اور بلوچستان کی سرزمین کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔