فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے دشمن کو دھول چٹا دی ہے،گورنر پنجاب

5

راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے دشمن کو دھول چٹا دی ہے، بھارت کو شکست دے کر پاکستان کی عزت میں دنیا بھر میں مزید اضافہ ہوا ہے، 4 دن کی بھارت سے جنگ نے گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا ہے،عالمی سطح پر پاکستان کی امن دوستی کو سراہا جا رہا ہے جو بڑی سفارتی کامیابی ہے،بھارت تنہائی کا شکار ہے، پاکستان کی پذیرائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن اسلام آباد میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے 22 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے کانووکیشن کی صدارت کرنا باعث افتخار ہے اور تمام کامیاب طالبات، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کوخواتین کی پہلی یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ریسرچ کے لیے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں اچھا بجٹ مختص کیا ہوا ہے جس سے ہماری طالبات مزید عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر مختیار احمد نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں جدید طرز پر تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ وسائل کی کمی کے باوجود طلبہ و طالبات نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ نیت ٹھیک ہو تو سب ٹھیک ہو جاتا ہے۔

آنے والا دور زیادہ کامیابی کا دور ہو گا۔ یہ ملک اللہ کا انعام ہے، ہمیں صرف نیت صاف اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ طلبہ و طالبات کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کو آگے لے کر جائیں۔طالبات کے لیے فاطمہ جناح اور بے نظیر بھٹو رول ماڈل خواتین ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختیار احمد، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر بشری ٰمرزا سمیت فیکلٹی،طالبات اور والدین نے بھی کانووکیشن میں شرکت کی۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر بشری مرزا نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ 1450 گریجویٹس، ماسٹرز،ایم فل اور پی ایچ ڈی طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ گورنر پنجاب نے طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔