اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو یقینی بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں بہتری لانے کیلئے اجلاس میں کیا ۔
اجلاس میں ای پی آئی پروگرام کی موجودہ کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ ڈی جی ایف ڈی آئی (ای پی آئی) نے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا اور کمیونٹی رابطہ کے فروغ کے لئے عملی اور موثر طریقہ کار کو یقینی بنائیں جو حفاظتی ٹیکوں اور بیماریوں سے بچائو کے پیغامات عوام تک پہنچا سکیں ۔پروگرام کی بہتری کیلئے مختلف اداروں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی مزید مضبوط بنایا جائے ۔صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل اور قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ پروگرام کی پیش رفت بہتر ہو ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹال فری ہیلپ لائن قائم کی جائے جہاں لوگ حفاظتی ٹیکوں سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں اور شکایات درج کرا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو یقینی بنانے کیلیے پر عزم ہے ۔