اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 3ملزمان گرفتار 1 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی27.430 کلوگرام منشیات برآمد

6

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 4 کاروائیوں میں 3 ملزمان گرفتار 1 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی27.430 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔

اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اے این ایف کی ٹیموں نے 4 مختلف کارروائیوں میں1 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی27.430 کلوگرام منشیات برآمد کرلی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف ایک کارروائی سمنگلی روڈ کوئٹہ کے قریب عمل میں لائی گئی جس میں 2 ملزمان کے قبضے سے 500 گرام چرس، 276 گرام وزنی نشہ آور(ایکسٹیسی) گولیاں اور 200 گرام ویڈ برآمد کرلی۔

گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے – ترجمان نے کہا کہ دیگر کاروائیوں کے دوران چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے سیالکوٹ بھیجے جانے والے پارسل سے 34 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔ راوی ٹول پلازہ کے قریب ملزم کے قبضے سے 4 کلو ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ چاغی کے علاقے دالبندین میں سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 22.420 کلو آئس برآمد کرلی۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔