سپیکر کاپنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ پر سخت نوٹس، 10 ارکان پر 20 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد

5

لاہور۔28جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 16 جون کے اجلاس کے دوران ایوان میں بد نظمی، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 10 ارکانِ اسمبلی پر مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا ۔

سپیکر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ ارکان نے اسمبلی اجلاس کے دوران ڈیسکوں پر چڑھ کر مائیک توڑے اور اسمبلی کی دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔

ویڈیو شواہد کی روشنی میں ہر رکن پر 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ادائیگی 7 روز کے اندر نہ کرنے کی صورت میں پنجاب گورنمنٹ ڈیو ریکوری آرڈیننس کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کارروائی اسمبلی قواعد کے تحت کی گئی ہے، جن کے تحت نظم و ضبط کی خلاف ورزی کو ناقابلِ قبول اور ایوان کی املاک کو نقصان پہنچانا قابلِ گرفت عمل قرار دیا گیا ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ایوان کے تقدس اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے اندر یا باہر قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔جن ارکان کو جرمانے کئے گئے ہیں ان میں چوہدری جاوید کوثر، اسد عباس، محمد تنویر اسلم، سید رفعت محمود، محمد اسماعیل، شہباز احمد، امتیاز محمود، خالد زبیر نثار، رانا اورنگ زیب اور محمد احسن علی شامل ہیں۔

سپیکر نے تمام اراکین کو تنبیہ کی ہے کہ آئندہ کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایوان میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔