پاکستان اپنی قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

5
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔28جون (اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے،ایک اہم علاقائی بحری طاقت کے طور پر عالمی سی لائنز آف کمیونیکیشن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشیں طویل ہیں،پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے عددی اعتبار میں خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف فوری اور فیصلہ کن ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں شاندار بحری روایات کی عکاسی کرتی 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔123 ویں مڈشپ مین اور 31 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ ٹرم میں 127 مڈشپ مین شامل تھے جن میں بحرین کے 19، عراق کے 4 اور فلسطین کے 2 مڈشپ مین موجود تھے۔شارٹ سروس کمیشن کورس کے 23 کیڈٹس بھی کمیشننگ ٹرم کا حصہ تھے۔پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے پاکستان اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر نیول اکیڈمی کو سراہا۔ مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ممالک کے کیڈٹس کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرتی رہی ہے۔ بحرین، عراق، ریاستِ فلسطین، جمہوریہ جبوتی اور جمہوریہ ترکیہ کے کیڈٹس کی آج کی کمیشننگ پریڈ میں موجودگی پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ تربیتی معیارکی مظہر ہے۔پ

اک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ ایک اہم علاقائی بحری طاقت کے طور پر عالمی سی لائنز آف کمیونیکیشن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشیں طویل عرصے پر مشتمل ہیں۔انہوں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے عددی اعتبار میں خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف فوری اور فیصلہ کن ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ یہ کاروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیمی اور پیشہ وارانہ تربیت کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مضبوط ایمان و کرداراور مادرِ وطن کے لیے غیر متزلزل لگن کے حامل افسران تیار کرنے پر نیول اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔بعدازاں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

مڈشپ مین عبدالرحمان کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر کا حقدار قرار دیا گیا جبکہ مڈشپ مین شایانِ حشمت نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ محمد عزیر عباس کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل جبکہ ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ چوہدری محمد اعزاز طاہر کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ پروفیشنسی بینر کوارٹر ڈیک سکواڈرن کے نام رہا۔تقریب میں غیر ملکی مندوبین ،سرکاری حکام، پاک بحریہ اور دیگر دفاعی افواج کے افسران اور کمیشننگ آفیسرز کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔