وزیر داخلہ محسن نقوی کی شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

4
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسزکے 13 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بہادر سپوتوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، شہداء قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 14 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کا فخر ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ سے مقروض ہے اور مقروض رہے گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ شہدائے وطن کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔