ملک کو قرضوں سے نکالنے ،معیشت کے استحکام کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ نا گزیر ہے ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

5

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں سے نکالنے اور معیشت کے استحکام کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ نا گزیر ہے اور اس کیلئے بغیر کسی تاخیر کے پیشرفت ہونی چاہیے ،محصولات کے بڑے حصے کا قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کی مد میں چلے جانا انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔

اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ادارے کاروبار کرنے والوں کیلئے آسانی پیدا کریں تاکہ معاشی ترقی کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرے کیونکہ موجودہ حالات میں محصولات کا ایک بڑا حصہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیوں کی مدمیں چلا جاتا ہے جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ خدارا ملک کے حالات کا ادراک کریں اور غیر یقینی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔