اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن ظفر بختاوری نے جناح سپر مارکیٹ (ایف-7 مرکز) میں صفائی و شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا دیا۔ اس موقع پر صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اسد عزیز، جنرل سیکرٹری عبدالرحمن صدیقی، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اعجاز عباسی اور سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ اسمال انڈسٹری ملک ندیم بھی …
کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کی جناح سپر مارکیٹ میں شجرکاری، ڈسٹ بنز کی تنصیب اور جشن آزادی کی تقریبات

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن ظفر بختاوری نے جناح سپر مارکیٹ (ایف-7 مرکز) میں صفائی و شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا دیا۔ اس موقع پر صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اسد عزیز، جنرل سیکرٹری عبدالرحمن صدیقی، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اعجاز عباسی اور سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ اسمال انڈسٹری ملک ندیم بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز شجرکاری سے ہوا جس میں احسن ظفر بختاوری اور دیگر شرکا نے پودے لگاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کی جانب سے مرکز میں ڈسٹ بنز بھی نصب کیے گئے تاکہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک طرز فکر ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری اپنے حصے کا پودا لگائے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں کردار ادا کرے۔ جشن آزادی کے اس دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنی آزادی کا شکرانہ ہم شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنا کر ادا کریں گے۔صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اسد عزیز نے کہا کہ تاجر برادری نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں بلکہ سماجی و فلاحی اقدامات میں بھی پیش پیش ہے۔ ہم کلین اینڈ گرین اسلام آباد کے ساتھ مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے احسن بختاوری کا شہر بھر میں ڈسٹ بن لگانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحیح معنوں میں سماجی خد مت کر رہے ہیں ۔ جنرل سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ و سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی عبدالرحمن صدیقی نے کہا کہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
اگر ہم سب مل کر کام کریں تو اسلام آباد کو پاکستان کا سب سے صاف اور سبز شہر بنایا جا سکتا ہے۔سابق صدر آئی سی سی آئی اعجاز عباسی نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ تاجر تنظیمیں اور سماجی ادارے مل کر ماحولیات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس کام میں نوجوانوں کو بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ملک ندیم اور فصیح اللہ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ ڈسٹ بنز کی تنصیب اور شجرکاری جیسے اقدامات شہر کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔شرکا نے اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف پودے لگائیں بلکہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ صفائی مہم پائیدار انداز میں جاری رہ سکے۔








