ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے ، انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کر لی

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کر لی ہے، جس کا پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مسافروں کو قطاروں سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ۔ یہ بات وزیر داخلہ …

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کر لی ہے، جس کا پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مسافروں کو قطاروں سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ۔ یہ بات وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں بتائی گئی، جہاں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کو امیگریشن کو سہل بنانے، انسانی سمگلنگ کے انسداد اور ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایپ کی تیاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ نہ صرف مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی بلکہ انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مطلوبہ فنڈز فوری فراہم کرنے، ایف آئی اے ہیڈکوارٹر بلڈنگ کی اپ گریڈیشن اور ایف آئی اے اکیڈمی کی نئی الاٹ شدہ زمین ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیر داخلہ نے منظور شدہ خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری وسائل فراہم کروں گا لیکن اس کے ساتھ آپ کو عملی کارکردگی بھی دکھانا ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا کہ ایف آئی ایکٹ میں ضروری ترامیم پر کام مکمل ہو چکا ہے، ادارے کو قلیل مدت میں ای آفس پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایف آئی اے کے تمام نوٹس اب کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور زونل ڈائریکٹرز (آن لائن) شریک ہوئے۔

مزید خبریں
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے نے ترکیہ وظائف 2026 کے لیے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں نئے منتخب طلبہ، ترکیہ میں زیر تعلیم رہنے والے سابق پاکستانی طلبہ اور سفارتخانے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ترکیہ وظائف حکومت جمہوریہ ترکیہ کی جانب سے بیرون ملک ترک باشندوں اور متعلقہ برادریوں کے امور کے ادارے کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں جن کے تحت بین الاقوامی طلبہ کو ترکیہ کی ممتاز جامعات میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ سال 2026ء میں پاکستان بھر سے 112 طلبہ کو ترکیہ وظائف کے لیے منتخب کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تعارفی پروگرام کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے منتخب طلبہ کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز جمہوریہ ترکیہ کے سفیر کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ترکیہ وظائف کے تعلیمی حلقے میں خوش آمدید کہا۔ سفیر نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو ترکیہ میں اپنے تعلیمی تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ترک سابق طلبہ انجمن کے صدر نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں انہیں ترکیہ میں تعلیمی زندگی اور دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعلیمی روابط کے فروغ میں سابق طلبہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں سفارتخانے کے دفتر برائے تعلیمی مشاورت کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی تعارفی نشست منعقد کی گئی جس میں پاکستان سے ترکیہ روانگی کی تیاری، ترکیہ پہنچنے کے بعد ابتدائی مراحل، جامعات میں تعلیمی و سماجی زندگی سے ہم آہنگی اور کامیاب تعلیمی سفر کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی گئی۔ پروگرام کے دوران منتخب طلبہ نے اپنا تعارف بھی کرایا اور اپنے تعلیمی پس منظر کے ساتھ ان ترک جامعات اور تعلیمی پروگراموں کے بارے میں بتایا جن میں وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔ نشست نے طلبہ کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے اور روانگی سے قبل ترکیہ وظائف کے سابق طلبہ اور دیگر اراکین سے رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ سفارتخانہ ترکیہ نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ نے ترکیہ وظائف 2026 کے تمام منتخب طلبہ کے لیے ان کی تعلیم اور مستقبل میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔