نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ، اُن کی درست تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،وفاقی وزیرانجنیئرامیر مقام

پشاور۔ 23 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 13 سالوں کے دوران پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی کوئی تربیت نہیں کی اور اس کا نتیجہ 9 مئی جیسے افسوسناک واقعات کی صورت میں سامنے آیا، نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہیں ، اُن …

پشاور۔ 23 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 13 سالوں کے دوران پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی کوئی تربیت نہیں کی اور اس کا نتیجہ 9 مئی جیسے افسوسناک واقعات کی صورت میں سامنے آیا، نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہیں ، اُن کی درست تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گلبہار پشاور میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام "نوجوان نسل میں آگاہی، رہنمائی اور مثبت کردار” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے کہ یوتھ ونگ کا یہ کنونشن نوجوانوں کو متحرک رکھنے اور ان کی رہنمائی کے لیے نہایت اہم ہے، بدقسمتی سے گزشتہ 13 سال میں صوبے کی حکومت نے نوجوانوں کی کوئی تربیت نہیں کی اور اس کا نتیجہ 9 مئی جیسے افسوسناک واقعات کی صورت میں سامنے آیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو اداروں کے خلاف استعمال کیا گیا، ریڈیو پاکستان پر حملہ کرنے اور اسلام آباد پر قبضہ کرنے جیسے پیغامات دیئے گئے۔ وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے کہا کہ انہیں صرف ایک فرد کی خوشنودی کےلیے گمراہ کیا گیا جبکہ اصل ضرورت اس بات کی تھی کہ نوجوان سیلاب جیسے قدرتی آفات میں عوام کی خدمت کرتے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے ہی کل پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، ہمیں آپ کو صحیح سمت دینا ہوگی، انہوں نے صوبے میں حالیہ سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے خصوصی میٹنگز کیں اور متعلقہ وزرا کو ذمہ داریاں تفویض کیں، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی دو روز کے اندر مکمل بحال کر دی جائے گی اور بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں، انہوں نے افواج پاکستان کے کردار کی بھی بھرپور تعریف کی کہ وہ سیلابی آفت کے دوران فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز نے ہمیشہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر قوم کی حفاظت کی ہے، جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورتحال پیدا ہوئی تو سب کو اندازہ ہو گیا کہ یہی فورسز ہماری اصل محافظ ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تیسری بار اقتدار میں آنے کے باوجود پی ٹی آئی نوجوانوں کےلیے کچھ نہ کر سکی، اب اُن کے پاس کوئی لیڈر نہیں، سب اپنی اپنی مرضی پر چل رہے ہیں اور عوامی خدمت کے وقت غائب ہو جاتے ہیں۔

اس موقع پر ایم پی اے اور صدر خواتین ونگ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا صوبیہ خان، ایم پی اے شازیہ جدون اور صدر مسلم لیگ (ن) پشاور راشد محمود خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ علی خان یوسفزئی، یوتھ ونگ کے پی کے چیف آرگنائزر سمیع اللہ برکی، اراکین پارلیمنٹ، مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔