صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

پشاور۔ 23 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔ ہفتہ کو پشاور میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر …

پشاور۔ 23 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

ہفتہ کو پشاور میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں تین بار مسلسل اقتدار میں آئی لیکن وہ ہزاروں سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اچانک آنے والے سیلاب اور شدید بارشوں نے شمالی خیبر پختونخوا خاص طور پر مالاکنڈ ڈویژن میں لوگوں کی زندگیوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا، جہاں 400 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے، انہوں نے کہا کہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ سیلاب نے مالاکنڈ ڈویژن میں قیمتی زراعت، پھلوں کے باغات، گھروں اور مویشیوں کو بھی تباہ کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے سیلاب متاثرین کے مسائل پر صرف زبانی جمع خرچ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا اگر پی ٹی آئی کی قیادت ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کےلیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتی اور وہاں قیام کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی سیلاب متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوگا بلکہ ان کے مصائب کو کم کرنے میں مدد کے لیے بڑے پیمانے پر مستقل امدادی اور معاونتی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مصروف شیڈول کے باوجود وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزراء نے خیبر پختونخوا کے تمام سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور یہاں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے پی ٹی آئی سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی ہے کیونکہ وہ اس کی ہنگامہ خیز سیاست اور کھوکھلے نعروں کے بارے میں جان گئے ہیں۔ انجینئر امیر مقام جو کہ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر بھی ہیں، نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اڈیالہ جیل کے گرد گھومتی ہے جبکہ سیلاب متاثرین کو کھلے آسمان تلے رہنے کےلیے اکیلا چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنا شروع کر دی ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ واحد پارٹی ہے جو انہیں روزگار کے مواقع اور معیاری تعلیم فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نوجوانوں کی اقتصادی ترقی کےلیے تاریخی وزیراعظم یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام شروع کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم، نیشنل انٹرن شپ اور ووکیشنل ٹریننگ پروگراموں کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کے تمام صوبوں کے نوجوانوں کی اقتصادی خود مختاری کے لیے ایک تاریخی "اڑان پاکستان” پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دانشمندانہ اقتصادی، دفاعی اور خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت پٹڑی پر آ گئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی زبردست صلاحیت ہے، وہ ملک کو خوشحالی کی راہ پر آگے لے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ وزیراعظم کے یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اس موقع پر نوجوانوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔