پاکستان دوحہ پر اسرائیلی حملہ کی شدید مذمت اور قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے ،دفتر خارجہ

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔منگل کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قطر کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الریاستی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔پاکستان غیر قانونی اور بلا جواز جارحیت کے …

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔منگل کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قطر کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الریاستی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔پاکستان غیر قانونی اور بلا جواز جارحیت کے خلاف برادر ریاست قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام خطے کو غیر مستحکم کرنے کی اس کی پالیسی اور عالمی امن و سلامتی سے مسلسل لاپرواہی کا ایک اور ثبوت ہے۔پاکستان نے واضح کیا کہ ایسی کھلی چھوٹ عالمی برادری کو ہرگز قبول نہیں کرنی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کے اپنے اصولی موقف کو دہراتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو اس جارحیت پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ برادر ملک قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ ان کی قومی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔