مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے دو یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے دو یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ مرجر معاہدے کے تحت بیلجیئن کمپنی میسرز ملکوبیل سی وی ڈچ کمپنی زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے میں مکمل طور پر ضم ہوجائے گی۔ زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں دودھ اکٹھا کرنے اور اس کی پراسیسنگ کرکے ڈیری مصنوعات بنانے کے کاروبار …

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے دو یورپی کمپنیوں کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ مرجر معاہدے کے تحت بیلجیئن کمپنی میسرز ملکوبیل سی وی ڈچ کمپنی زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے میں مکمل طور پر ضم ہوجائے گی۔ زوئیویل کوپریٹو فرایزلینڈ کمپینا یو اے نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں دودھ اکٹھا کرنے اور اس کی پراسیسنگ کرکے ڈیری مصنوعات بنانے کے کاروبار سے منسلک ہے۔ پاکستان میں یہ اپنی ذیلی کمپنی فرائز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ کے ذریعے آپریٹ کرتی ہے جو کہ مختلف اقسام کی ڈیری مصنوعات تیار اور ان کی مارکیٹنگ کرتی ہے۔

میسرز ملکوبیل سی وی بھی اسی نوعیت کے کاروبار سے منسلک ہے اور پاکستان میں بزنس ٹو بزنس معاہدوں کے ذریعے ’’انکو ‘‘ اور ’’بنکو‘‘ کے نام سے خشک دودھ کے برانڈز کی مارکیٹنگ اور فروخت کرتی ہے۔مسابقتی کمیشن نے اپنے مسابقتی جائزے میں ’’ڈیری مصنوعات، خشک دودھ‘‘ کو متعلقہ مارکیٹ قرار دیا ہے، جس کا جغرافیائی دائرہ کار پاکستان تک محدود ہے۔ کمیشن نے معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ لین دین متعلقہ مارکیٹ میں غالب پوزیشن پیدا ہونے یا اس کے مضبوط ہونے کا باعث نہیں بنے گا۔