سیئول ۔17ستمبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے کرپشن کیس میں مرکزی اپوزیشن جماعت پیپلز پاور پارٹی کے سینئر رکن پارلیمان قوّن سونگ دونگ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام سابق صدر یون سوک یول کی اہلیہ کم کون ہی سے منسلک بدعنوانی کے ایک بڑے مقدمے کی تحقیقات کے تحت کیا گیا ہے۔یہ وارنٹ سیئول سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے جاری …
جنوبی کوریا، سابق صدر یون کی اہلیہ سے منسلک کرپشن کیس میں اپوزیشن رکنِ پارلیمنٹ گرفتار
سیئول ۔17ستمبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے کرپشن کیس میں مرکزی اپوزیشن جماعت پیپلز پاور پارٹی کے سینئر رکن پارلیمان قوّن سونگ دونگ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام سابق صدر یون سوک یول کی اہلیہ کم کون ہی سے منسلک بدعنوانی کے ایک بڑے مقدمے کی تحقیقات کے تحت کیا گیا ہے۔یہ وارنٹ سیئول سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے جاری کیا، جو کہ خصوصی تفتیش کار من جونگ-کی کی ٹیم کی درخواست پر جاری کیا گیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ قوّن کے جانب سے ثبوت مٹانے کا خدشہ موجود تھا، اس لیے گرفتاری ناگزیر ہو گئی۔پانچ بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والے قوّن سونگ دونگ کو سیئول ڈیٹینشن سینٹر (یوئی وانگ) منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے قوّن سونگ دونگ پر الزام ہے کہ انہوں نے جنوری 2022 میں صدارتی انتخابات سے قبل یونیفیکیشن چرچ کے ایک سابق عہدیدار سے غیر قانونی سیاسی فنڈز حاصل کیے اور چرچ کے ممبران کے ووٹ کا وعدہ لیا۔
بدلے میں، انہیں چرچ کے مفادات کا تحفظ کرنے کی درخواست کی گئی تھی، بشرطیکہ یون سوک یول صدر منتخب ہو جائیں، جن کے وہ قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔یاد رہے کہ سابق صدر یون سوک یول کو مارشل لاء نافذ کرنے کی ناکام کوشش اور بغاوت کے الزامات پر 10 جولائی سے سیئول کی جیل میں رکھا گیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کم کون-ہی کو ایک الگ بدعنوانی کے کیس میں قید کیا گیا ہے۔









