اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی خواہشات کو امن اور سلامتی کے ماحول میں بہترین طریقے سے پورا کیا جاسکتا ہے ، فلسطین اور جموں و کشمیر میں امن پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ان خطوں کے لوگوں کے بنیادی حقوق اور انصاف سے انکار دنیا میں پائیدار امن کی راہ میں ایک سنگین …
چیئرمین رانا مشہود احمد خاں سےورلڈ پیس آرگنائزیشن ، ہیوینلی کلچر ریسٹوریشن آف لائٹ کے نمائندوں کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی خواہشات کو امن اور سلامتی کے ماحول میں بہترین طریقے سے پورا کیا جاسکتا ہے ، فلسطین اور جموں و کشمیر میں امن پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ان خطوں کے لوگوں کے بنیادی حقوق اور انصاف سے انکار دنیا میں پائیدار امن کی راہ میں ایک سنگین رکاوٹ ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں سےورلڈ پیس آرگنائزیشن ، ہیوینلی کلچر ریسٹوریشن آف لائٹ (ایچ ڈبلیو پی ایل) کے نمائندوں نے ملاقات کی جس کا صدر دفتر جنوبی کوریا میں ہے۔
ملاقات میں نوجوانوں کی شمولیت ، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے باہمی تعاون پر غورکیا گیا۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئےچیئرمین یوتھ پروگرام نے ایچ ڈبلیو پی ایل کی مذاکرات ، قانونی وسائل اور عوام کے درمیان رابطے کے ذریعے عالمی امن کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے نوجوانوں کی خواہشات کو امن اور سلامتی کے ماحول میں بہترین طریقے سے پورا کیا جاسکتا ہے اور پاکستان بین الاقوامی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے جو پرامن مستقبل کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کی آواز کو بلند کرتی ہے ۔رانا مشہود احمد خاں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر میں امن پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ان خطوں کے لوگوں کے بنیادی حقوق اور انصاف سے انکار دنیا میں پائیدار امن کی راہ میں ایک سنگین رکاوٹ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ان حل طلب مسائل کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امن کی کوششیں منصفانہ اور جامع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایچ ڈبلیو پی ایل کے اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امن کی تعلیم، بین الثقافتی افہام و تفہیم اور نوجوانوں کی قیادت میں امن کی تعمیر کو فروغ دینے والی مشترکہ کوششوں میں تنظیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سابق سینیٹر کامران مائیکل کو ایچ ڈبلیو پی ایل کے ساتھ روابط کے لیے فوکل پرسن کے طور پر نامزد کیا گیا ہےتاکہ تعاون کے شعبوں پر موثر رابطہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایچ ڈبلیو پی ایل کے نمائندوں نے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں ملک کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔
دونوں اطراف نے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن کی ثقافت کے محرک کے طور پر نوجوانوں اور سول سوسائٹی کو بااختیار بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ ملاقات زیادہ پرامن، جامع اور منصفانہ دنیا کی تلاش میں تعاون کے مضبوط پل تعمیر کرنے کے مشترکہ وژن کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔








