وزیراعظم شہباز شریف کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پاک امریکا تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے ، آمنہ منور اعوان

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔ پاکستان بزنس فورم کی سینئر نائب صدر آمنہ منور اعوان نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنمائوں کی ملاقات اس بات کی غمازی …

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔ پاکستان بزنس فورم کی سینئر نائب صدر آمنہ منور اعوان نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنمائوں کی ملاقات اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ دونوں ملک باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی استحکام کے فروغ اور تجارت، سلامتی و اختراع کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ پاک-امریکہ تعلقات میں اقتصادی سفارت کاری کو مرکزِ نگاہ بنایا جائے تاکہ دیرپا شراکت داری قائم کی جا سکے۔ آمنہ اعوان نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت و سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تبدیلی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، زراعت، گرین انرجی اور صنعت کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔

سینئر نائب صدر نے تعلیم اور تحقیق میں تعاون کو بھی دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی پلیٹ فارمز اور سائنس و ٹیکنالوجی کی شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکینِ وطن خاص طور پر کاروبار، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور نوجوانوں کی رہنمائی جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا اور بامقصد بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

فورم نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک باضابطہ پاک-امریکہ اقتصادی پالیسی ڈائیلاگ کا آغاز کیا جائے جس میں نجی شعبے کے ماہرین اور پالیسی سازوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ عملی نوعیت کی تجاویز اور منصوبہ جات ترتیب دیے جا سکیں۔ پاکستان بزنس فورم نے ایک مشترکہ انوویشن و انویسٹمنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ اس سے شفاف توانائی، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دو طرفہ منصوبوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے معاشی پالیسی سازی اور سفارت کاری میں خواتین کی شمولیت کو بھی لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامع اور پائیدار ترقی اس وقت ممکن ہے جب تمام طبقات اور خاص طور پر خواتین کو قیادت میں نمائندگی دی جائے۔ آمنہ منور اعوان نے مزید کہا کہ پاک-امریکہ تعلقات میں ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، ہمیں روایتی اور ردعمل پر مبنی سفارت کاری سے آگے بڑھ کر عوامی فلاح اور ترقی پر مبنی شراکت داری قائم کرنا ہو گی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک ایسا تعلق استوار کریں جو ہمارے عوام کی امیدوں اور جدید عالمی تقاضوں کا بھرپور عکاس ہو۔

مزید خبریں