اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعہ کو اپنے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں نیو میٹرو سٹی گوجر خان ہائوسنگ پراجیکٹ کے متاثرین کو بازیاب شدہ رقوم کے چیک تقسیم کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرلز، نیب کے …
نیو میٹرو سٹی گوجر خان کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کے لئے نیب ہیڈکوارٹرز میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعہ کو اپنے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں نیو میٹرو سٹی گوجر خان ہائوسنگ پراجیکٹ کے متاثرین کو بازیاب شدہ رقوم کے چیک تقسیم کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرلز، نیب کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں متاثرین موجود تھے۔

نیب(راولپنڈی/اسلام آباد) نے ستمبر 2024ء میں نیو میٹرو سٹی گوجر خان کی انتظامیہ کے خلاف عوام سے شکایات موصول ہونے پر انکوائری کا آغاز کیا۔ متاثرین نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے پلاٹوں کی ادائیگی کی تھی تاہم پراجیکٹ کی انتظامیہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد میں ناکام رہی ہے۔نیب کی بروقت کارروائی اور کوششوں کے نتیجے میں پراجیکٹ کی انتظامیہ متاثرین کو رقوم واپس کرنے پر آمادہ ہوئی۔ نتیجتاً 767 ملین روپے کی رقم 383 متاثرین کو واپس کی گئی، جنہیں تقریب کے دوران چیک فراہم کیے گئے۔ مزید برآں 57 متاثرین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ دی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کہا کہ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نےعوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی منصو بہ میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے مکمل تحقیق کیا کریں تاکہ ان کی خون پسینے کی کمائی محفوظ رہے۔انہوں نے نیب(راولپنڈی/اسلام آباد) کے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث غبن شدہ رقم کی بروقت بازیابی ممکن ہوئی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی/اسلام آباد وقار احمد چوہان نے نیب کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ چیئرمین نیب کی قیادت اور وژن کے مطابق نیب افسران کی ان تھک محنت سے عوام کو ان کی لوٹی گئی رقوم واپس ملنا ممکن ہوا جس کا مقصد عوام کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے کیس کی تفتیشی ٹیم کے اراکین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔








