پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ملنا ایک عظیم اعزاز ہےجس پر پوری قوم کو فخر ہے، حرمین شریفین کی حفاظت سے بڑی سعادت اور کوئی نہیں ہو سکتی،قائم مقام صدرِ و اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

لاہور ۔4اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام صدرِ و اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ملنا ایک عظیم اعزاز ہےجس پر پوری قوم کو فخر ہے، حرمین شریفین کی حفاظت سے بڑی سعادت اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو …

لاہور ۔4اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام صدرِ و اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ملنا ایک عظیم اعزاز ہےجس پر پوری قوم کو فخر ہے، حرمین شریفین کی حفاظت سے بڑی سعادت اور کوئی نہیں ہو سکتی۔ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قائم مقام صدر و اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا سفر اب باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہےاور حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دے رہی ہے۔

قائم مقام صدرِ پاکستان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر جو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، وہ اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔قائم مقام صدر نے کہا کہ دنیا کا ہر لیڈر پاکستانی قیادت سے ملاقات کر رہا ہےاور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کا صدر بھی پاکستانی قیادت سے دو گھنٹے کی ملاقات کر رہا ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر اور باعزت مقام حاصل کر چکا ہے۔

اسرائیل سے متعلق بات کرتے ہوئے قائم مقام صدرِ و اسپیکرقومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پاکستان نہ تو اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا ہےاور نہ ہی جنگ کا راستہ اختیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے دوٹوک اور واضح رہا ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کا ابہام نہیں ہے۔

قائم مقام صدر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کی بات کی ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ معاہدے میں بھی فلسطین سے اسرائیلی افواج کے انخلا کو شامل کیا گیا ہے۔ سردار ایاز صادق نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ عالمی و علاقائی نوعیت کے معاملات پر سیاست نہ کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں۔