انجینئر امیر مقام کی مولانا قاضی نثار احمد پر حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے حضرت مولانا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ سنگین نوعیت کی دہشت گردی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ مولانا قاضی نثار احمد ایک دینی و عملی شخصیت اور اہل …

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے حضرت مولانا قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ سنگین نوعیت کی دہشت گردی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ مولانا قاضی نثار احمد ایک دینی و عملی شخصیت اور اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان و کوہستان کے امیر ہیں،ان پر حملہ پورے علاقے کے امن پر حملہ ہے۔

وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ ، چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رابطہ کیا اور فوری طور پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا اور یقین دلایا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔انجینئر امیر مقام نے حکومت گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لے اور ہر ممکن اقدام کرے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مجرموں کی گرفتاری اور امن کی بحالی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے اس واقعہ کی شدید مذمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے کام کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کرنا اچھی بات ہے۔

مولانا قاضی نثار احمد کی جانب سے زخمی حالت میں بھی عوام سے امن کی اپیل کو وفاقی وزیر نے قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کی بصیرت اور قیادت کا مظہر ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے مولانا قاضی نثار احمد اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔