بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں پہلی خاتون ڈائریکٹر کی شمولیت کا امکان، اسفک احسن کو ہٹانے کا فیصلہ

ڈھاکہ۔7اکتوبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جہاں پہلی بار ایک خاتون ڈائریکٹر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق قومی کھیل کونسل (این ایس سی)نے بورڈ کے موجودہ رکن ایم اسفک احسن کو ہٹا کر ان کی جگہ ایک خاتون کو ڈائریکٹر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب …

ڈھاکہ۔7اکتوبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جہاں پہلی بار ایک خاتون ڈائریکٹر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق قومی کھیل کونسل (این ایس سی)نے بورڈ کے موجودہ رکن ایم اسفک احسن کو ہٹا کر ان کی جگہ ایک خاتون کو ڈائریکٹر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب امین الاسلام بلبل کو بی سی بی کا صدر دوبارہ منتخب کیا گیا۔ انتخابی عمل کے بعد 25 ڈائریکٹرز کے نام جاری کیے گئے تھے، تاہم فوری بعد این ایس سی نے اسفک احسن کا نام واپس لے لیا۔

بی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ جلد ہی ایک خاتون کو بورڈ میں بطور ڈائریکٹر شامل کیا جائے گا۔نومنتخب صدر امین الاسلام نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ بورڈ میں صنفی توازن قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاہماری کرکٹ کے قوانین ہر سال بدلتے ہیں، مگر ہمارا آئین نہیں بدلتا۔ ہمیں اس میں تبدیلی لانی ہوگی۔ سب سے بڑی تبدیلی یہ ہونی چاہیے کہ ہمارا کرکٹ بورڈ مردوں کے زیرِ اثر ہے۔ ہمیں خواتین ڈائریکٹرز کی ضرورت ہے تاکہ صنفی مساوات قائم ہو۔ ہمیں خودمختار ڈائریکٹرز بھی درکار ہیں۔

امین الاسلام نے مزید کہا کہ وہ کرکٹ کی ترقی سے اپنی محبت کے باعث بطور صدر دوبارہ خدمات انجام دینے کو تیار ہوئے ہیں۔انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے کلبز کو بھی ساتھ ملانے کی خواہش ظاہر کی۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال اور بعض کلب عہدیداروں نے حالیہ انتخابات میں حکومتی مداخلت کا الزام لگا کر بائیکاٹ کیا تھا۔

ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ چاہے وہ بورڈ کا حصہ ہوں یا نہیں، ہم سب کو دعوت دیں گے کہ وہ بی سی بی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ بنگلہ دیش سب کا ہے۔ ہم احتجاج کرنے والے کلبوں کے پاس بھی جائیں گے اور ان سے تعاون کی درخواست کریں گے۔