چین کا امریکا پر تجارتی مذاکرات میں سنجیدگی دکھانے پر زور

بیجنگ ۔14اکتوبر (اے پی پی):چین کی وزارتِ تجارت نےامریکا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے، تجارتی مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی فضا قائم کرنے کے لیے چین کے ساتھ کام کرے۔شنہوا کے مطابق وزارت کے ترجمان نے یہ بیان اُس وقت دیا جب امریکا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ چین نے حالیہ نایاب دھاتوں …

بیجنگ ۔14اکتوبر (اے پی پی):چین کی وزارتِ تجارت نےامریکا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے، تجارتی مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی فضا قائم کرنے کے لیے چین کے ساتھ کام کرے۔شنہوا کے مطابق وزارت کے ترجمان نے یہ بیان اُس وقت دیا جب امریکا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ چین نے حالیہ نایاب دھاتوں کی برآمدات پر کنٹرول کے سلسلے میں تجویز کردہ فون کال مؤخر کر دی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو مستحکم تجارتی تعلقات کی بحالی کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔چینی ترجمان کے مطابق، چین نے مذکورہ برآمداتی پابندیوں کے اعلان سے قبل ہی امریکہ کو باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا تھا، اور دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے دوطرفہ برآمداتی کنٹرول مذاکراتی میکنزم کے تحت مسلسل رابطہ موجود ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ فریقین کے مابین تازہ ترین ورکنگ لیول بات چیت پیر کے روز بھی ہوئی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ امریکاایک جانب مذاکرات کی بات کرتا ہے اور دوسری جانب نئی پابندیوں کی دھمکیاں دیتا ہے، جو کہ چین کے ساتھ درست انداز میں تعلقات قائم کرنے کا طریقہ نہیں ہے۔چینی وزارت کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب دونوں بڑی عالمی معیشتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی خصوصاً ٹیکنالوجی اور نایاب معدنیات کے شعبے میں۔ ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔