وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میں پشاور ریلوے ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میں پشاور ریلوے ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ڈویژن کی جانب سے وزیرِ ریلوے کو آن لائن بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آپریشنز، مینٹیننس، اینٹی اِنکروچمنٹ مہم، صفائی ستھرائی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی …

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میں پشاور ریلوے ڈویژن کے امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ڈویژن کی جانب سے وزیرِ ریلوے کو آن لائن بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آپریشنز، مینٹیننس، اینٹی اِنکروچمنٹ مہم، صفائی ستھرائی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

ڈی ایس پشاور فرمان غنی نے بتایا کہ پشاور ڈویژن میں ٹرینوں کی پنکچوئیلٹی 99 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جب کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھٹمل، مچھر یا لال بیگ سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فومیگیشن مہم مؤثر انداز میں جاری ہے اور ٹرینوں و اسٹیشنوں پر صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ ریلوے نے ہدایت کی کہ ٹرین ڈرائیورز کی سیفٹی اور کمفرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا وزارتِ ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔محمد حنیف عباسی نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے اور مؤثر کارروائی کی بھی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پشاور ریلوے ڈویژن کے 9 اسٹیشن مکمل طور پر سولر انرجی پر منتقل کر دیے گئے ہیں، جب کہ 1400 ریلوے کوارٹرز کی سولرائزیشن اور میٹرائزیشن کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اینٹی اِنکروچمنٹ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور ریلوے اراضی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ وزیرِ ریلوے نے پشاور ڈویژن کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ تمام ریلوے ڈویژنز میں اسی طرز کی تفصیلی بریفنگز باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے جدّت، شفافیت اور عوامی خدمت کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے اور محکمہ ریلوے مسافروں کو بہتر سہولیات، صفائی اور محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔