اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس (ایم ایل اینڈ سی) ڈیپارٹمنٹ نے تاریخی نوعیت کی ادارہ جاتی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جامع اصلاحاتی دستاویز باضابطہ طور پر پیش کر دی ہے جس میں نظامِ حکمرانی کی بہتری، شفافیت کے فروغ اور سروس ڈیلیوری میں انقلابی تبدیلیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ اصلاحاتی دستاویز ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل عرفان احمد …
ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کا ادارہ جاتی اصلاحات کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس (ایم ایل اینڈ سی) ڈیپارٹمنٹ نے تاریخی نوعیت کی ادارہ جاتی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جامع اصلاحاتی دستاویز باضابطہ طور پر پیش کر دی ہے جس میں نظامِ حکمرانی کی بہتری، شفافیت کے فروغ اور سروس ڈیلیوری میں انقلابی تبدیلیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
یہ اصلاحاتی دستاویز ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل عرفان احمد ملک کی قیادت اور وژن کے تحت تیار کی گئی جنہوں نے ادارے کو ایک جدید، شفاف اور کارکردگی پر مبنی نظام کی جانب گامزن کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔دستاویز حال ہی میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد علی ہلال امتیاز (ملٹری) کو پیش کی گئی جنہوں نے اس جامع کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحاتی رپورٹ ایم ایل اینڈ سی کے مستقبل کے لئے واضح سمت متعین کرے گی۔
اصلاحاتی رپورٹ میں گزشتہ دو برسوں کے دوران محکمے کی ادارہ جاتی ترقی، ساختی اصلاحات اور گورننس میں بہتری کے اقدامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان اصلاحات کے تحت کئی کلیدی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں جن میں ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی اور خودکار نظام کا نفاذ،مالی شفافیت اور احتساب کا مضبوط فریم ورک،انسانی وسائل کی تنظیمِ نو اور کارکردگی پر مبنی نظام،انفراسٹرکچر کی جدیدیت اور شہری سہولیات میں بہتری،پالیسی سازی میں معیار اور ہم آہنگی شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ نے اپنے عملی طریقہ کار کو از سرِ نو ترتیب دیتے ہوئے اسے دیانتداری، شفافیت اور عوامی اعتماد کے اصولوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور نچلی سطح پر قابلِ پیمائش احتساب کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ایک مؤثر، جوابدہ اور منصفانہ طرزِ حکمرانی قائم کی جا سکے۔بیان کے مطابق اگرچہ یہ اصلاحاتی سفر ابھی جاری ہے تاہم گزشتہ دو سال ادارے کی سمت متعین کرنے اور پائیدار تبدیلی کی بنیاد رکھنے میں فیصلہ کن ثابت ہوئے ہیں۔محکمہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ ’’عوام دوست، مؤثر مقامی حکمرانی اور فعال ملٹری لینڈز مینجمنٹ‘‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔








