اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلسطین کے تعلقات مذہبی، تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں فلسطین کے سفیر سے ڈاکٹر زُہیر محمد حمداللہ زید سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، جنگ بندی کے بعد امن کی کوششوں اور جاری انسانی امدادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا …
پاکستان اور فلسطین کے تعلقات مذہبی، تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں، سید یوسف رضا گیلانی کی فلسطینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور فلسطین کے تعلقات مذہبی، تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں فلسطین کے سفیر سے ڈاکٹر زُہیر محمد حمداللہ زید سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، جنگ بندی کے بعد امن کی کوششوں اور جاری انسانی امدادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے فلسطین کے سفیر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمان فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں ہیں اور اسرائیلی جارحیت، سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیرِاعظم پاکستان کے دورانِ اقتدار، انہوں نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی اور ہر بین الاقوامی فورم پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔چیئرمین سینیٹ نے فلسطینی عوام کی جرأت و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بے مثال بہادری اور قربانیوں سے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ بندی فلسطینی عوام کے لئے امید کی نئی کرن ہے اور پاکستان اس پیشرفت کو خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم سمجھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کا انحصار مسئلۂ فلسطین کے منصفانہ حل پر ہے۔ انہوں نے ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو جیسا کہ متعلقہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں میں طے کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ، او آئی سی، بینالاقوامی پارلیمانی یونین اور نان الائنڈ موومنٹ میں ہمیشہ فلسطین کے حق میں مضبوط آواز رہا ہے۔فلسطینی سفیر نے غزہ کے عوام کے لئے پاکستان کی امدادی کوششوں کو سراہا اور بتایا کہ پاکستانی جامعات فلسطینی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی امن تبھی ممکن ہے جب فلسطین کو اس کے جائز حقوق ملیں اور اسرائیلی قبضہ ختم ہو۔انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے لئے مشترکہ آواز بلند کریں۔چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کے جائز مقصد کے حصول تک سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور انسانی امداد جاری رکھے گا۔








