کراچی۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی ماہانہ ڈی جی پی اے اے ای کچہری بدھ کو ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ) سمیر سعید کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر کمرشل، ایچ آر، آپریشنز، ایس کیو ایم ایس اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ایک سوال کے جواب میں سمیر سعید نے بتایا کہ ڈی جی خان ائرپورٹ کی رن وے …
پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی کی ای کچہری ، شکایات کے فوری ازالہ کی ہدایت،سکھر ائرپورٹ کو بین الاقوامی معیار پر اپ گریڈ کرنے پر غور

مزید خبریں
کراچی۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی ماہانہ ڈی جی پی اے اے ای کچہری بدھ کو ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ) سمیر سعید کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر کمرشل، ایچ آر، آپریشنز، ایس کیو ایم ایس اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ایک سوال کے جواب میں سمیر سعید نے بتایا کہ ڈی جی خان ائرپورٹ کی رن وے کو 3000 میٹر تک مزید بڑھایا جائے گا اور چوڑائی 45 میٹر کی جائے گی جس کے ترقیاتی کام دسمبر 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے سکھر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قیام کے لئے فزیبلٹی اسٹڈیز جاری ہیں جبکہ موجودہ سکھر ائرپورٹ کو بین الاقوامی معیار پر اپ گریڈ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی ڈی جی ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ نے وضاحت کی کہ ڈی جی خان اور حیدرآباد ایئرپورٹس آپریشنز کے لئے دستیاب ہیں، البتہ پروازوں کا فیصلہ ایئرلائنز اپنی تجارتی فزیبلٹی کے مطابق کرتی ہیں۔اس موقع پر بیگیج ریپنگ، قیمتی اشیاء کے ضائع ہونے، ایئرلائن ریفنڈز اور عملے کے رویے سے متعلق شکایات زیرِ بحث آئیں۔ غیر لائسنس یافتہ فورک لفٹ آپریٹرز، پارکنگ چارجز، اور پشاور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔سمیر سعید نے ائرپورٹ منیجرز کو موقع پر شکایات کے ازالے اور متعلقہ معاملات سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھیجنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کی صورت میں مسافروں کو معاوضے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہو۔سیرین ائر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایئرلائن کا (اے او سی) سرٹیفکیٹ ریگولیٹر نے معطل کیا، کیونکہ اس کا کوئی طیارے قابلِ پرواز نہیں پایا گیا۔سونا چوری کی شکایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سکیورٹی نے بتایا کہ انکوائری مکمل ہو چکی ہے اور شکایت کنندہ مسافر یا ان کا نمائندہ ایئرپورٹ پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرانے کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کرے جس کی مسافر سے پہلے بھی گزارش کی جاچکی ہے۔ای کچہری کے اختتام پر سمیر سعید نے کہا کہ عوامی تجاویز اور شکایات پی اے اے کی خدمات میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔








