پی ٹی سی ایل گروپ اور پی پی اے ایف کاجائیٹکس گلوبل 2025 میں 2300 سے زائد خواتین کو بااختیار بنانے کا اعلان

دبئی/اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی پر مشتمل پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ مل کر خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے مشترکہ پروگرم ’بااختیار‘ کو توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر و گروپ سی ای او پی ٹی سی ایل و یوفون فور جی حاتم بامطرف اور سی ای …

دبئی/اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی پر مشتمل پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ مل کر خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے مشترکہ پروگرم ’بااختیار‘ کو توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر و گروپ سی ای او پی ٹی سی ایل و یوفون فور جی حاتم بامطرف اور سی ای او پی پی اے ایف نادر گل بریچ نے دبئی میں منعقدہ جائیٹکس گلوبل 2025کے موقع پر معاہدے پر دستخط کئے۔

جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اس پروگرام کی توسیع پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے پاکستان میں شمولیتی ترقی اور ڈیجیٹل اختیار کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔’’بااختیار‘‘سماجی ترقی کا ایک منصوبہ ہے جو پی ٹی سی ایل گروپ اور پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والی 100 کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل سے شروع کیا تھا۔ منصوبے کی شاندار کامیابی کے بعد اب اسے ملک کے 23 سیلاب زدہ شہروں تک توسیع دی جا رہی ہے۔

توسیعی مرحلے میں2300 سے زائد خواتین کو ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتیں فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے تاکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع مل سکیں اور وہ معاشرتی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔بااختیارپروگرام میں ڈیجیٹل خواندگی، مالیاتی نظم و نسق اور مختلف عملی شعبوں مثلاً سلائی کڑھائی، مٹی کے برتن بنانا، دستکاری، خوراک کو محفوظ کرنا اور قدرتی اجزاء سے کاسمیٹکس کی تیاری کی تربیت شامل ہیں۔ پی ٹی سی ایل گروپ کے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور کنیکٹویٹی جبکہ پی پی اے ایف کے ملک گیر کمیونٹی نیٹ ورک کے باہمی اشتراک کے ذریعے پروگرام کے شرکاء کو ضروری آلات، پلیٹ فارمز اور مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی عملی مہارتوں کو پائیدار آمدنی میں بدل سکیں۔

تقریب سے خطاب میں صدر و گروپ سی ای او پی ٹی سی ایل و یوفون فور جی حاتم بامطرف نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ڈیجیٹل مہارتوں اور انفراسٹرکچر کو بروئے کار لا رہا ہے، ہم نے اپنے سماجی خدمت کے پلیٹ فارم ’’دل سے‘‘کے ذریعے ہزاروں زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا ہے۔

’’بااختیار‘‘ہمارا فلیگ شپ پروگرام ہے جس نے پائیدار سماجی ترقی کے فروغ میں ایک نیا معیار قائم کیا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان بھر میں مزید باصلاحیت خواتین کو ترقی کے مواقع تک رسائی دے رہے ہیں۔سی ای او پی پی اے ایف نادِر گل بریچ نے کہا کہ ’’بااختیار‘‘ پروگرام کی توسیع پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بااختیار بنانے کی ہماری جدوجہد کا اہم سنگِ میل ہے، پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ شراکت نے ہمیں سماجی ترقی کو ڈیجیٹل جدت کے ساتھ جوڑنے کا موقع فراہم کیا ہے تاکہ خواتین کو معاشی خودمختاری کے حقیقی وسیلے

مہیا کئے جا سکیں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم پاکستان بھر میں خواتین کو ایسے ذرائع فراہم کر رہے ہیں جن سے وہ پائیدار روزگار قائم کر سکیں اور اپنے خاندانوں اور معاشروں کی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔’’بااختیار‘‘ پروگرام ایک ایسے ڈیجیٹل طور پر شمولیتی پاکستان کے قیام کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے جہاں خواتین علم، ٹیکنالوجی، اور مواقع کے ذریعے حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں، اب یہ پروگرام ہزاروں مزید خواتین کو معاشی خودمختاری اور بااختیاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تیار ہے۔