اقوام متحدہ شام کی سیاسی منتقلی میں مدد کے لئے پابندیوں میں نرمی کرے، پاکستان

اقوام متحدہ۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ شام پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے تاکہ 14 سالہ تباہ کن خانہ جنگی کے بعد ملک میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عثمان جدون نے گزشتہ روز 15 رکنی کونسل سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا …

اقوام متحدہ۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ شام پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے تاکہ 14 سالہ تباہ کن خانہ جنگی کے بعد ملک میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عثمان جدون نے گزشتہ روز 15 رکنی کونسل سے خطاب کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقتصادی بحالی، تعمیر نو اور دوبارہ انضمام کو قابل بنانے کے لئے شام پر پابندیوں میں نرمی کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شام کی حکمرانی میں بہتری لائی جائے تاکہ ان اہداف کے حصول کے لئے ٹھوس نتائج سامنے آئیں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ حال ہی میں شام کی پیپلز اسمبلی کے انتخابات کا انعقاد ملک میں سیاسی عمل کے فروغ اور ریاستی اداروں کی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ علاقے جہاں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انتخابات مؤخر ہوئے، وہاں جلد انتخابات کرا نے کے قابل ہو جائیں گے تاکہ پورے ملک میں جامع سیاسی شمولیت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف ) جو کرد ملیشیاؤں اور دیگر گروہوں پر مشتمل اتحاد ہے اور مرکزی حکومت کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے تحت ایس ڈی ایف کے دستوں کو قومی فوج میں شامل کیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے استحکام کے لئے ایک مثبت قدم ہے اور ہم اس کے مکمل اور بروقت نفاذ کے منتظر ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی دہشت گرد جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے سیاسی اور سلامتی پر مبنی اقدامات بشمول ہتھیار ڈالنے، جنگجوؤں کو غیر مسلح کرنے ، جنگجوؤں کے انخلا اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت (ڈی ڈی آر ) اصلاحات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا دائرۂ اختیار ملک کے تمام حصوں، خصوصاً سویدا، حلب اور دیر الزور جیسے علاقوں تک پھیلایا جائے تاکہ وہاں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

انہوں نے شام کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ قومی کوششوں اور عالمی برادری کی لازمی حمایت کے ذریعے شام ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے گا۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان شام کے عوام کے خود مختار فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے شامی قیادت میں اور شامی ملکیت والے سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں