نئی دہلی۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی امیگریشن پابندیوں نے امریکا میں کام کرنے والے بھارتیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور اب انجینئرنگ سروسز فراہم کرنے والی بھارتی کمپنی ٹاٹا ٹیکنالوجیز نے اعلان کیا ہے کہ وہ مستقبل میں امریکا میں مقامی شہریوں کو بھرتی کرے گی تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کی گئی امیگریشن …
امریکی امیگریشن پابندیوں کے باعث ٹاٹا ٹیک کا امریکا میں مقامی بھرتیوں کا فیصلہ

مزید خبریں
نئی دہلی۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی امیگریشن پابندیوں نے امریکا میں کام کرنے والے بھارتیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور اب انجینئرنگ سروسز فراہم کرنے والی بھارتی کمپنی ٹاٹا ٹیکنالوجیز نے اعلان کیا ہے کہ وہ مستقبل میں امریکا میں مقامی شہریوں کو بھرتی کرے گی تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کی گئی امیگریشن پابندیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی حکومت نے ’’ایچ ون بی‘‘ ویزا کے لیے بھاری فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے سی ای او وارن ہیریس نے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ ہم ویزا پالیسی میں تبدیلیوں کے مطابق ردعمل دے رہے ہیں اور اس کا مطلب ہے کہ ہم امریکا میں زیادہ مقامی شہریوں کو بھرتی کریں گے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ایچ ون بی ویزا ہولڈرز میں 75 فیصد کا تعلق بھارت سے تھا۔بھارتی شہر پونے میں قائم ٹاٹا ٹیکنالوجیز گاڑیوں، ہوابازی اور بھاری مشینری کی عالمی کمپنیوں کو انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی سروسز فراہم کرتی ہے اور اس کے 12,000 سے زائد ملازمین دنیا بھر بشمول امریکا میں کام کرتے ہیں۔
ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے نمایاں کلائنٹس میں جیگوار لینڈ روور، ویتنامی الیکٹرک کار ساز کمپنی ون فاسٹ اور بوئنگ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق چین، سویڈن، برطانیہ اور امریکا میں اس کے 70 فیصد سے زائد ملازمین مقامی شہری ہیں۔
بھارتی انجینئرنگ سروس فراہم کنندگان جو زیادہ تر امریکی آؤٹ سورسنگ پر انحصار کرتے ہیں، امریکی ٹیکس پالیسیوں اور محصولات کے اثرات سے دباؤ میں ہیں تاہم وارن ہیریس کے مطابق امریکی مارکیٹ اب بھی انتہائی متحرک اور اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئندہ 6 سے 9 ماہ میں امریکی مارکیٹ میں بہتری کی توقع رکھتے ہیں کیونکہ ہمارے گاہک نئی ٹیرف پالیسیوں سے ہم آہنگ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹاٹا ٹیکنالوجیز نے حال ہی میں جرمن کمپنی ای ایس ٹیک گروپ کو 75 ملین یورو میں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے اور کمپنی آئندہ برسوں میں مزید ’’ٹارگٹڈ‘‘ انضمام کرے گی۔








