امریکاکے بڑے ہوائی اڈوں پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی کے باعث پروازوں میں تاخیر

واشنگٹن ۔24اکتوبر (اے پی پی):امریکاکے متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی عملے کی کمی کے باعث پروازوں میں تاخیر اور عارضی طور پر روانگیوں کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا، جو وفاقی حکومت کے جاری شٹ ڈاؤن کے وسیع اثرات کو ظاہر کرتا ہے، جو اب اپنے 23ویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ شنہوا کے مطابق امریکی دارالحکومت کے قریب رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ (ڈی …

واشنگٹن ۔24اکتوبر (اے پی پی):امریکاکے متعدد بڑے ہوائی اڈوں پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی عملے کی کمی کے باعث پروازوں میں تاخیر اور عارضی طور پر روانگیوں کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا، جو وفاقی حکومت کے جاری شٹ ڈاؤن کے وسیع اثرات کو ظاہر کرتا ہے، جو اب اپنے 23ویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔

شنہوا کے مطابق امریکی دارالحکومت کے قریب رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ (ڈی سی اے) نے گراؤنڈ ڈیلے پروگرام نافذ کیا، جبکہ نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ای ڈبلیو آر)، نیویارک کے لاگوارڈیا ایئرپورٹ (ایل جی اے) اور ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹینینٹل ایئرپورٹ نے عملے کی کمی کے باعث گراؤنڈ سٹاپس جاری کرتے ہوئے پروازوں کی روانگیاں عارضی طور پر معطل کر دیں۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق جمعرات کی رات 9 بج کر 30 منٹ تک رونالڈ ریگن ایئرپورٹ کے لیے پروازوں میں اوسطاً 31 منٹ کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔فلائٹ ایویئر کے اعداد و شمار کے مطابق، جمعرات کو امریکا کے اندر، وہاں سے باہر یا وہاں آنے والی 5 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ 80 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ، رواں ماہ کے آغاز سے تقریباً 13 ہزار ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور 50 ہزار ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) اہلکار بغیر تنخواہ کے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ٹی ایس اے امریکا کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی سکریننگ کا ذمہ دار ادارہ ہے۔سیاسی جماعتوں کے درمیان شٹ ڈاؤن کے معاملے پر جاری الزام تراشی کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ بحران نومبر یا تعطیلات کے موسم تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے خبردار کیا ہے کہ تعطیلات کے موسم میں ملک بھر کے بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں نمایاں تاخیر، رکاوٹیں اور منسوخیاں پیش آ سکتی ہیں۔

مزید خبریں