فیصل آباد۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد میں 4 سے 8 نومبر تک پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے تین ایک روزہ انٹر نیشنل کرکٹ میچز کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ ترجمان فیصل پولیس طارق جٹ نے بتایا ہے کہ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی زیر صدارت پولیس کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا …
فیصل آباد میں انٹر نیشنل کرکٹ میچز کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل
فیصل آباد۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد میں 4 سے 8 نومبر تک پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے تین ایک روزہ انٹر نیشنل کرکٹ میچز کےلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔
ترجمان فیصل پولیس طارق جٹ نے بتایا ہے کہ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی زیر صدارت پولیس کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس میں ایس ایس پی آپریشنز بشریٰ جمیل ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ ،چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید ،ٹاؤن ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اجلاس میں آئندہ ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
سٹی پولیس آفیسر نے افسران کو کھلاڑیوں کی قیام گاہ ، روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہیں بتایا گیا کہ دیگر متعلقہ اداروں سے بہترین کوآرڈینیشن رکھتے ہوئے سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
کھلاڑیوں اور شائقین کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ جدید کیمروں کے ذریعے سٹیڈیم اور اطراف کی نگرانی کی جائے گی۔
ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور پارکنگ پلان پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔کھلاڑیوں کی آمد و روانگی کے دوران ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
اعلیٰ افسران موقع پر موجود رہیں گے اور تمام سرگرمیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ کریں گے۔
سٹیڈیم میں داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ اور جدید سکینگ سسٹم کی مدد سے مکمل نگرانی کی جائے گی ۔
سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی مانیٹرنگ اور رسپانس سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ عوام کو بہترین اور پُرسکون ماحول میں تفریح فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔









